ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرجیکل اسٹرائیک سے فائدہ اٹھانے کے لئے وقت سے پہلے انتخابات کروا سکتے ہیں مودی:کامت

سرجیکل اسٹرائیک سے فائدہ اٹھانے کے لئے وقت سے پہلے انتخابات کروا سکتے ہیں مودی:کامت

Sun, 16 Oct 2016 12:28:03    S.O. News Service

بیکانیر، 15؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور راجستھان انچارج گروداس کامت نے کارکنوں سے انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی اپیل کی ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں کی گئی فوجی کارروائی کا کریڈٹ لیتے ہوئے اسے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں کچھ ریاستوں میں وقت سے پہلے انتخابات کرانے کا اعلان کر سکتے ہیں۔کامت نے کل یہاں کانگریس کی ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں کچھ ریاستوں میں وقت سے پہلے انتخابات کروانے کی بحث ہے،آنے والے وقت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، لہذا محتاط رہتے ہوئے ہر وقت انتخابات کے لئے تیار رہنا چاہئے۔کانگریس ریاستی انچارج نے کہا کہ پٹھان کوٹ اور اڑی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کو سبق سکھانے کے لئے جواب دینا تھا لیکن اس کا کریڈٹ لینے کی ضرورت نہیں تھی،وہاں ہمارے نوجوان شہید ہوئے لیکن بی جے پی اتر پردیش میں فوجی کارروائی کی کامیابی کے پوسٹر لگا رہی ہے۔کامت نے کہا کہ مودی حکومت پروپیگنڈہ کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے،فوجی کارروائی ہمارے دور میں بھی ہوئی تھی لیکن ہم نے اس کاکریڈٹ لینے کی کوشش نہیں کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت میں لوگوں میں دراڑ پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں،اس کاخمیازہ پورے ملک کو بھگتنا پڑے گا،بی جے پی نے ریاستوں کو لیبارٹری بنا دیا ہے۔ریاستی صدر سچن پائلٹ نے کہا کہ کانگریس کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے،ہم اپنے کسانوں، عوام کی فکر کرتے ہیں،ہمیں فرقہ وارانہ طاقتوں کو شکست دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری اداروں کو دیوالیہ قرار دے کر انہیں نجی ہاتھوں میں سونپنے کی کوشش کر رہی ہے۔


Share: